دہشت گرد تنظیم داعش بھی اسلام دشمن اسرائیل کے ہاتھوں کا کھلونا : مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی ،15جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے آج فرانس کے شہر نیس میں دہشت گردانہ حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی، غیر اسلامی اور بزدلانہ فعل قرار دیاہے ۔ مولانا مدنی نے اس حملہ میں 85سے زیادہ بے قصورافراد کی ہلاکت اور سیکڑوں کے زخمی ہو جانے پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ اس حملہ میں کس کا ہاتھ ہے لیکن اس کے پیچھے جو بھی ہو وہ انسانیت اور اسلام اور اسلام کے پیغام امن کا دشمن ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے فرانس میں جلدی جلدی ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے کوئی خطرناک سازش کارفرما ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ شام اور دیگر پڑوسی عرب ملکوں سے مسلم پناہ گزیں فرانس، جرمنی اور یوروپ کے دوسرے ممالک میں آ کر پناہ لے رہے ہیں ، اس لئے مسلم دشمن طاقتیں تشویش میں ہیں اوریہ نہیں چاہتیں کہ انہیں فرانس یا یوروپ کے کسی اور ملک میں پناہ ملے ، ا س لئے جان بوجھ کر فرانس میں اس طرح کی واردات کو انجام دیا جا رہا ہے تاکہ فرانس اور یوروپی حکومتیں اپنے یہاں مسلم پناہ گزینوں کا داخلہ بند کر دیں ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ اس منظر نامہ کے پیچھے اسلام دشمن اسرائیل کی سازش کام کر رہی ہے اور دہشت گرد تنظیم داعش بھی یہودیوں کے ہاتھوں کا کھلونا ہے ورنہ کیا وجہ ہے کہ جن بڑی طاقتوں نے چند گھنٹے یا دن میں افغانستان، عراق ، مصر اور لیبا جیسے طاقتور ممالک کو تباہ کرڈالا وہ داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کو کچلنے میں ناکام ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ آخر داعش کے پاس جدید ترین اسلحہ کہاں سے آ رہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ یہ بات سامنے آ چکی ہے کہ داعش کے زخمیوں کا علاج بھی اسرائیل میں کیا جاتا ہے اور انہیں وہیں یس تمام مراعات حاصل ہو رہی ہیں ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ داعش کی سرگرمیوں کی آڑ میں مسلمانوں اور اسلام کو بد نام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ،کیونکہ اسلام تو امن و امان کا شیدائی ہے اور پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علما ء ہند ایسی طاقتوں کی ہمیشہ سے مذمت کرتی آئی ہے اور اب پھر سخت مذمت کرتی ہیں ۔